ممبئی( ایچ ڈی بیورو)
موسم سرما شروع ہوچکا ہے دسمبر کا مہینہ چل رہا ہے، درجہ حرارت میں دھیرے دھیرے کمی ہونے لگی ہے اسی کے پیش نظر مورخہ 10 دسمبر 2022م بروز سنیچر دس بجے شب سے فجر کے وقت تک ممبرا،کلوا، تھانے، کلیان پھاٹا، کلمبولی، نوی ممبئی،کلیان اور اس کے اطراف بھیونڈی اور اس کے جوانب، چیتا کیمپ، گوونڈی، چیمبور ،سائن، کرلا، سی ایس ٹی اور اندھیری کے قرب وجوار، ملاڈ اور نالاسوپارہ کے آس پاس اور ممبئی کے دیگر علاقوں میں البر فاؤنڈیشن ممبئی کے کارکنوں نے راستے کے کنارے سو رہے مزدور، بےسہارا، لاچار اور غریب لوگوں کے درمیان بڑی تعداد میں کمبلیں تقسیم کرکے انہیں ٹھنڈی سے راحت پہچانے کی کوشش کی، کمبل تقسیم کرنے کے دوران رات بھر البر سے جڑے علماء، دعاۃ، رضاکاران اور دیگر معزز اہل خیر حضرات بھی موجود رہے۔
غریبوں، یتیموں، محتاجوں اور ضرورت مندوں کی راحت رسانی ہر صاحب خیر کی انسانی اور ایمانی ذمہ داری ہے، سماجی بہبود کا بنیادی مقصد لاچاروں اور بے سہارا لوگوں کا خیال رکھنا ہے ان کی پریشانی اور دکھ درد کو اپنی پریشانی اور دکھ درد سمجھنا ہے۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : مَن نَفَّسَ عن مؤمنٍ كُرْبَةً من كُرَبِ الدُّنيا نَفَّسَ اللهُ عنه كُرْبَةً من كُرَبِ يومِ القِيَامَة، ومن يَسَّرَ على مُعْسِرٍ يَسَّرَ اللهُ عليه في الدُّنيا والآخرةِ
جس نے کسی مومن کی دنیا کی پریشانیوں میں سے کوئی پریشانی دور کردی، اللہ تعالیٰ بروز قیامت اس کی پریشانیوں میں سے ایک پریشانی دور کردے گا،جس نے کسی تنگ دست پر آسانی کی، اللہ اس پر دنیا وآخرت میں آسانی کرے گا
(ابوداود، 4946)
الحمدللہ البر فاؤنڈیشن ممبئی اپنے شروع دن سے ہی غریب طبقات کے افراد کا سہارا بننے کی حتی الممکن کوشش کررہا ہے، اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی جو گذشتہ شب ضرورت مندوں اور ناداروں کے درمیان کثیر تعداد میں کمبل تقسیم کیا گیا