لکھنؤ، 12 ستمبر (ایچ ڈی نیوز)۔
گھوسی ضمنی الیکشن میں پارٹی کو ملی شاندار جیت سے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے حوصلے بڑھے ہوئے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے پہلی بار اترپردیش میں پرانے معاملات میں سماج وادی پارٹی کے لیڈروں کی گرفتاری پر کھل کر بات کی ہے۔
اکھلیش یادو نے منگل کو اپنے حامیوں کے حق میں ٹویٹ کیا اور کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کو گرفتار کرنا اب مرکز سے لے کر ریاستوں تک کا ٹرینڈ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اقتدار کے ساتھ کھڑا نہیں ہو رہا ہے ، اس کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔اکھلیش نے کہا کہ جابر حکمرانوں کی مخالفین کو جیل میں ڈالنے کی پالیسی ہوتی ہے۔ جمہوریت میں اس کی کوئی جگہ نہیں۔ بی جے پی اور ان کے موقع پرست دوستوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ کل ان کو یہ مہنگا پڑ سکتا ہے۔
گھوسی ضمنی انتخاب کے دوران سماج وادی پارٹی کے امیدوار سدھاکر کے بیٹے کے خلاف دلت چوکی کے انچارج کو دھمکیاں دینے کے ایک پرانے مقدمہ میں گرفتار ہونے کے بعد اکھلیش یادو کا یہ ٹویٹ سامنے آیا ہے۔