لکھنؤ، 17 فروری (ایچ ڈی نیوز)۔
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت کوعوام کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد ہی آوارہ جانوروں کی وجہ سے پریشانی میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ آوارہ جانور چلتے پھرتے لوگوں کی موت کا سبب بن چکے ہیں۔ حکومت کی بے حسی کی وجہ سے لوگ آئے روز مر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں نے کسانوں اورعام لوگوں کے مسائل سے پوری طرح آنکھیں بند کررکھی ہیں۔ عوام کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ یقین دہانی کراتے ہیں اوربھول جاتے ہیں۔ افسران اب ان کی بات نہیں سنتے۔ اسی لیے آوارہ جانوروں کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔
ان جانوروں کی وجہ سے کسانوں کی فصلیں برباد ہو رہی ہیں۔ رات بھر کھیتوں کی پہرہ داری کرنے والے کسان کے مسائل کی کوئی سنوائی نہیں ہوتی۔ گزشتہ دنوں شدید سردی میں کتنے کسان جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حال ہی میں شاہجہاں پورمیں بیل کے حملے سے ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ ضلع جلال آباد میں شادی سے واپس آرہے موٹر سائیکل سوارسڑک پر بیٹھے آوارہ جانوروں کے جھنڈ سے ٹکرا گیا۔ اسی دوران ایک بیل نے حملہ کردیا۔ اس ضلع میں سال 2018 سے جنوری تک بیلوں کے حملے کی وجہ سے درجن بھر لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔سبیت گڑھ گاؤں میں کھیت کی حفاظت کررہے کسان رام گوپال (55 سال) کی بیل کے حملے سے موت ہو گئی۔ اترپردیش کی سڑکوں پر بیٹھے آوارہ جانوروں کی وجہ سے راہگیروں اور گاڑیوں میں سوار افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ اگر کسان رات کو پہرہ نہیں لگاتا تو آوارہ جانور اس کی فصل کو چرتے ہیں۔ آوارہ بیل کسی پر حملہ کرتے ہیں۔ کئی لوگ زخمی ہوئے اور بڑی تعداد میں اموات بھی ہوئیں۔ بی جے پی حکومت اس سے پوری طرح بے فکر ہے۔