مین پوری(ایچ ڈی نیوز)۔
یوپی کی مین پوری لوک سبھا سیٹ پرہورہے ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ سماجوادی پارٹی کا گڑھ کہے جانے والے مین پوری جو اکھلیش یادو کا آبائی ضلع بھی ہے یوگی آدتیہ ناتھ کی پولس کے سامنے پوری طرح سے بے بس نظرآرہے ہیں۔ سماجوادی پارٹی نے بی جے پی پر ووٹنگ میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ پولس انتظامیہ کے ذریعہ سماجوادی پارٹی کے حامیوں کو ووٹ ڈالنے سے روکا جارہا ہے۔
وہیں اس سیٹ سے ایس پی کی امیدوار اور اکھلیش یادو کی اہلیہ ڈمپل یادو نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ ڈی ایم مین پوری الیکشن میں ہورہی دھاندلی کی شکایت کو لے کر ایس پی کارکنوں کا فون ریسیو نہیں کررہے ہیں۔ یوپی کی مین پوری لوک سبھا سیٹ اور رام پور، کھتولی اسمبلی سیٹ پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ اس الیکشن کو 2024 میں ہونے والے لوک سبھا الیکشن کے سیمی فائنل کی طرح دیکھا جارہا ہے۔ ایک طرف مین پوری سیٹ کا ریزلٹ ملک کی سیاست میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کی سیاسی قد کو طے کرے گا، تو دوسری طرف رام پور سیٹ اعظم خان کے خاندان کی سیاست کا مستقبل بھی طے کرے گا۔ وہیں مظفر نگر کی کھتولی سیٹ پر بی جے پی اپنا دبدبہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔