نئی دہلی، ممبئی، 25 جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا پوار کی مداخلت کے بعد آخر کار میرا روڈ میں فساد اور بلڈوزر کی کارروائی سے لوگوں کو سکون ملا اور زندگی دوبارہ پٹری پر واپس لوٹ آئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز این سی پی کے قومی جنرل سکریٹری اور اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے قومی صدر ایڈوکیٹ سید جلال الدین کی قیادت میں ایک وفد نے میرا روڈ پر A4 راج گڑھ بنگلہ، منترالیہ، ممبئی میں فسادات میں یکطرفہ کارروائی کے خلاف نائب وزیراعلیٰ سے ملاقات کی تھی۔ اسی تناظر میں آج سید جلال الدین کی قیادت میں میرا روڈ متاثرین کے ایک وفد نے اجیت دادا پوار سے ملاقات کی اور حقیقی صورتحال سے واقف کرایا۔ لوگوں کا دکھ سننے کے بعداجیت دادا پوار نے پہلے ریاست مہاراشٹر کے ڈی جی پی اورپھر سی پی میرا بھائیندر روڈ اور ساتھ میں کارپوریشن کے اعلیٰ افسران سے بات چیت کرکے ریاست میں امن و امان کو یقینی بنانے کی بات کہی۔ اجیت دادا پوار نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی مظلوم کیساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے۔ لوگوں کو انصاف دلانے اور ان کی خدمت کرنے کیلئے ہی وہ سرکار میں کام کررہے ہیں۔ ساتھ ہی کارپوریشن کے افسران کو اس بات کی ہدایت دی گئی کہ اگر کوئی غیر قانونی دکان یا مکان گرانی ہے تو اس کیلئے یہ وقت ٹھیک نہیں ہے اور ساتھ ہی کسی کی جائز عمارت ، دکان یا مکان کو نقصان نہیں ہونا چاہئے۔وفد میں سلیم سارنگ ، نائب صدر این سی پی مہاراشٹر، انیس ادریسی، صہیب رومی، قومی جنرل سکریٹری این سی پی شعبہ اقلیت، فرید شیخ، صدر امن کمیٹی، ڈاکٹر عظیم الدین سوشل ورکر و دیگر شامل تھے ۔
اجیت پوار کی یقین دہانیوں کے بعد لوگوں میں کافی اطمینان دیکھا گیا۔ ساتھ ہی سی پی سے بھی سید جلال الدین کی قیادت میں این سی پی اور مقامی لوگوں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پیش کئے۔ وفد نے کہاکہ جن لوگوں نے اکسایا ہے اور جن لوگوں نے رام جی کو بدنام کیا ہے ان کیخلاف بھی سخت ایکشن ہو۔ جن لوگوں نے تلواریں لہرائی ہیں اور توڑ پھوڑ کی ہے ، فسادات کو ہوا دی ہے اور بیٹی بچائو کے نعرے کی دھجیاں اڑائی ہیں، ان کیخلاف بھی ایکشن ہو۔ سی پی نے لوگوں کی باتوں کو سنجیدگی سے سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کی اسے فسادیوں کو بھی گرفتار کیا جائیگا ، ساتھ ہی انہوںنے وفد کے مطالبہ پر کہاکہ اگر کوئی بے قصور گرفتار ہوا ہے تو اس کے ساتھ انصاف ہوگا اور کسی بھی مظلوم کیساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ سید جلال الدین نے نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا پوار اور ساتھ ہی این سی پی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی کیساتھ زیادتی نہ ہواور پارٹی اس کیلئے پابند عہدہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم مظلوموں کیساتھ کھڑے ہیں اور جن لوگوں کے مکان اور دوکانیں جائز تھیں اس کے بعد بھی ان کو نقصان پہونچایاگیا ہے تو ان کو ہم سرکار کیساتھ تعاون کرکے بنوانے کی کوشش کریں گے تاکہ اجیت دادا پورا کی قیادت میں انصاف اور امن کی نئی عبارت لکھی جا سکے اور لوگوں کو لگے کہ رام جی کے اصولوں پر حقیقی معنوں میں چلنے والا کون ہے ۔