AIMPLB Delegation:
وفد میں شامل مولانا محمد ابوطالب رحمانی چیئرمین مولاناآزاد سنٹر، ایم آر شمشاد، کے رحمن خان،مولانامطیع الرحمن سلفی، ڈاکٹر خالدانور سمیت اہم شخصیات کی چیئرمین جے پی سی کے ساتھ وقف ترمیمی بل کے تمام نکات پر مدلل گفتگو
جے پی سی تشویش اور اعتراضات کے حل کے لیے ہی تشکیل دی گئی ہے، ہم ہر پہلو پر غور کریں گے،جگدمبیکا پال چیئرمین جے پی سی کی یقین دہانی
AIMPLB Delegation:
نئی دہلی 23اگست: آج نئی دہلی میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکرٹری جناب مولانا فضل الرحیم مجددی نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اراکین اور دیگر شخصیات کے ساتھ وقف بل پر تشکیل کی گئی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال سے ملاقات کی اور وقف ترمیمی بل کے قابل اعتراضات نکات پر مدلل گفتگو کی، وفد جنرل سکریٹری بورڈ، جناب مولانا فضل الرحیم مجددی کے زیر قیادت جناب مولانا محمد ابوطالب رحمانی رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ، چیئرمین مولانا آزاد سنٹر پٹنہ، جناب کے رحمن خان سابق مرکزی وزیرورکن مسلم پرسنل لاء بورڈ، سنیئر وکیل ایم آر شمشاد رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ، ڈاکٹر خالد انور ایم ایل سی بہار، مولانامطیع الرحمن سلفی، رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ وچیئرمین امام بخاری یونی ورسیٹی کشن گنج ،ایڈووکیٹ جناب فضیل ایوبی رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ،جناب مولانا وقار الدین لطیفی ندوی آفس سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈپرمشتمل تھا۔
AIMPLB Delegation:
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ جے پی سی کے وائس چیئرمین بھی موجود تھے۔ وفد نے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین صاحب نے ہماری باتوں کو بغور سنا، ان کے سامنے وقف ترمیمی بل کی خامیوں کی مدلل نشان دہی کی گئی، تمام نکات پر بالاستیعاب نہایت تفصیلی گفتگو ہوئی جس کے بعد چیئرمین صاحب نے اطمینان دلایا کہ یہ کمیٹی اسی لئے بنی ہے تاکہ تمام متعلقہ طبقات کی رائے لی جائے اور تمام نکات پر غور کیاجائے، ہم مثبت طریقے سے سارے خدشات دور کریں گے اور تمام نکات پر مکمل غور کریں گے، آپ لوگوں نے جن نکات کی طرف نشان دہی کی ہے ان پر ضرور غور کیاجائے گا۔ واضح ہوکہ اس سے قبل بھی مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذمہ داروں اور اراکین نے متعدد سیاسی شخصیات اور پارٹی سربراہوں سے ملاقات کی ہے جن میں این ڈی اے میں شامل پارٹیاں بھی ہیں، اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے بھی اطمینان بخش یقین دہانی ملی ہے۔