نئی دہلی، یکم دسمبرـ سیلم پور کے سی بلاک میں عام آدمی پارٹی کا ایک پروگرام منعقدہوا جس کا اہتمام سیلم پوروارڈ کے سابق بلاک صدر محمد اشتیا ق شیخ نے کیا تھا۔اس موقع پر سینئر لیڈر چوددھری متین احمد اور سیلم پور اسمبلی حلقہ سے ’آپ‘امیدوارچودھری زبیر احمد کا پرتپاک استقبال کیا گیااور آنے والے الیکشن میں اکثریتی ووٹوں سے کامیاب بنانے کا عزم بھی کیا گیا۔ان کے علاوہ سیاسی وسماجی کارکن سید ناصر جاوید،سیلم پور اسمبلی حلقہ کے صدرمظہر محمد،وارڈ صدر جاوید انصاری اور آپ کے وشو ناتھ شکلا کا بھی گلپوشی کرکے عزت افزائی کی گئی۔ جلسہ کی صدارت اخلاق شیخ اور نظامت جمیل ملک نے کی۔ سیلم پور وارڈکی کونسلر حجن شکیلہ کے شوہر اور آپ لیڈر حاجی افضال اہم کام کی وجہ سے وقت سے پہلے ہی چلے گئے تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چودھری متین احمد نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کے مفاد میں کام کیا ہے۔علاقے کے لوگوں نے جب بھی آواز دی ہم لبیک کہتے ہوئے ان کے دکھ سکھ میں کھڑے نظر آئے۔ ہار جیت ہوتی رہتی ہے مگر ہم نے عوام کے لئے ہمیشہ اپنا دروازہ کھلا رکھا اور ہم ویسے ہی اپنے دفتر میں بیٹھتے رہے جیسے بیٹھتے تھے یہی وجہ ہے کہ آج بھی ہمیں آپ جیسے لوگوں کا پیار مل رہا ہے اور آپ کے سامنے بات رکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ ہم یقین دلاتے ہیں جیسارشتہ ہمارا آپ سے کل تھا ویسا ہی مستقبل میں بھی رہے گا اور ہم سب مل کر علاقے کی تعمیرو ترقی اور اخوت و مساوات کو مضبوط کریں گے۔چوددھری زبیر احمد نے کہا کہ آج کچھ لوگ یہ چہ می گوئیاں کررہے ہیں کہ ہم نے کانگریس کو ناراضگی کی وجہ سے چھوڑا ہے۔ایسانہیں ہے ہم نے پارٹی کو اس لئے چھوڑا ہے کہ علاقے میں زیادہ سے زیادہ کام کراسکوں۔ گاندھی ہریجن اسکول کی تعمیر کراسکوں جو پچھلے 6 سالوں سے ٹوٹا پڑا ہے۔جگ پرویش چندر ہسپتال میں 500 بیڈ کراسکوں کیوں کہ سرکار میں رہ کر علاقے میں بہتر سے بہترکام کرایا جاسکتا ہے۔سبھی جانتے ہیں کہ دہلی میں کانگریس دس سالوں سے زیرو ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی کچھ لوگ کہہ رہے تھے کہ آپ منتری بنو گے،کام کرانے کے لئے منتری بننا ضروری نہیں۔آپ ودھایک رہ کر اتنا کام کرادیں گے لوگ کام کرانے کی مثال پیش کریں گے۔ان شاء اللہ سیلم پور میں ہر وہ کام کرائے جائیں گے جو اب تک التوا میں پڑے ہوئے ہیں۔سید ناصر جاوید نے کہا کہ جس طرح سب سے پہلے عام آدمی پارٹی نے چودھری زبیر احمد کو سیلم پور سے اپناامیدوار بنایا ہے اسی طرح یہاں کے عوام بھی سب سے پہلے کامیابی کا پرچم بلند کریں گے جس کے بعد علاقے میں تعمیرو ترقی کی ایک لہر سی آجائے گی۔اہم شرکا میں حاجی مقصود جمال،حاجی رئیس سلمانی،مشکور عالم،ضرار احمد،شاہد چودھری،افسر خان،ندیم راعین،راجو کنگ،سلمان پٹھان،عمران سلمانی،افروز شیخ،شفیق انصاری،نعیم،جاوید شیخ،رئیس احمد،شرافت،ساجد قریشی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔