نئی دہلی، 17جون(ایچ ڈی نیوز)۔
عام آدمی پارٹی(آپ) نے بی جے پی لیڈروں کے آشیرواد سے بنی فلم’ آدی پورش‘ کے کچھ ڈائیلاگس اور ایک سین پر سخت اعتراض کیا ہے۔ ’آپ‘ نے بی جے پی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے اسے ہندو مذہب کی توہین قرار دیا ہے۔ اے اے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے فلم ’آدی پورش‘ بنا کر بھگوان پرشوتم رام اور ماں سیتا کے ساتھ ہنومان جی کی توہین کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فلم بی جے پی کے کئی وزرائے اعلیٰ اور وزراءکے آشیرواد سے بنی ہے۔ اس میں یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ، مدھیہ پردیش کے سی ایم شیوراج سنگھ چوہان، مہاراشٹر کے سی ایم ایکناتھ شندے اور آسام کے سی ایم ہیمنت بسوا سرما شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فلم میں کئی قابل اعتراض ڈائیلاگ ہیں جو کہ انتہائی شرمناک ہیں۔ اس کے بعد بھی بی جے پی لیڈر فلم کی تشہیر کر رہے ہیں۔ اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی، جے پی نڈا سمیت بی جے پی لیڈروں کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔آپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ نے ہفتہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اپنی سستی سیاست کے لئے پورے ملک میں بھگوان رام، بھگوان بجرنگ بلی اور ماتا سیتا کی کھلے عام توہین کر رہی ہے۔
پرشوتم بھگوان شری رام، ماں سیتا، بھگوان بجرنگ بلی کے نام کے سامنے ہر ہندوستانی احترام کے ساتھ سر جھکا دیتا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگوں نے اس طرح کی فلم بنا کر بھگوان شری رام، ماں سیتا اور بھگوان بجرنگ بلی کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاگلوں اور سڑک چھاپ ، دماغ سے خالی لوگوں کی پارٹی ہے۔ راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماوں کو پورے ہندو سماج اور پورے ہندوستان سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ فلم کے کئی ڈائیلاگ قابل اعتراض ہیں۔ راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے فلم کے کچھ ڈائیلاگ کا حوالہ بھی دیا۔
