نئی دہلی، (ایچ ڈی نیوز)۔
جیسے جیسے دہلی میونسپل کارپوریشن کے الیکشن نزدیک آتے جارہے ہیں، عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کی بوکھلاہٹ بڑھتی جارہی ہے اور وہ بی جے پی کارکنوں سے مار پیٹ پر اتر آئے ہیں۔ آج عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی مہندر یادو کا تازہ معاملہ سامنے آیا ہے جہاں وہ اپنے اسمبلی حلقہ کے تحت وکاس پوری وارڈ کے لوگوں کو کھلے عام دھمکا رہے ہیں کہ اگر عام آدمی پارٹی کو ووٹ نہیں دوگے تو یہاں کوئی ترقیاتی کام نہیں کروں گا، جتنی نالی بھر جائے صاف نہیں کراؤں گا۔
اس سلسلے میں آج دہلی بی جے پی کی انصاف اور الیکشن معاملوں کی کمیٹی کے کنوینر نیرج ایڈوکیٹ نے آج دہلی کے الیکشن کمشنر کو ممبر اسمبلی مہندر یادو کی کل رات کی ایک ویڈیو ریکارڈنگ کا ٹیپ بطور ثبوت پیش کرکے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمشنر اس معاملے میں انصاف پر مبنی سخت کارروائی کریں۔
اپنی شکایت میں نیرج ایڈوکیٹ نے کہا کہ ووٹروں کو اس طرح دھمکانا نہ صرف مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے بلکہ ری پرزنٹیٹیو آف پیپل ایکٹ کی دفعہ 123(2)کے تحت اسے بدعنوانی بھی کہا جائے گا کیونکہ یہ ووٹروں کو آزادی سے ووٹ دینے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔