4.3 C
New York
فروری 19, 2026
Sports کھیلTop News

عالمی کپ سے باہر ہونے کے بعد آسٹریلیا کو شدید تنقید کا سامنا، ٹیم سلیکشن پر بھی اٹھے سوال

آسٹریلیا

ملبورن، 19 فروری۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد آسٹریلیا کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ٹیم سلیکشن پربھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اس دوران ٹیم سلیکٹر ٹونی ڈوڈیمائیڈ نے اسٹیوا سمتھ کے کردار کے حوالے سے صورتحال واضح کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف ‘کور’ کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
2009 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلیا ابتدائی راونڈ سے آگے بڑھنے میں ناکام رہا۔ ٹیم کو زمبابوے کے خلاف حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو کہ آئی سی سی ٹی20  رینکنگ میں 11ویں نمبر پر ہے، اور ٹیم سری لنکا کے خلاف بھی مکمل طور پر ناکام رہی۔ اس مایوس کن مہم کے بعد آسٹریلیا میں ٹیم سلیکشن کے حوالے سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔
اسٹیو اسمتھ کو ابتدائی طور پر اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا جس سے اس تنازعہ کو مزید ہوا ملی۔ بعد میں انہیں مچل مارش کے کور کے طور پر بلایا گیا، جو کہ کمر کی انجری کی وجہ سے پہلے دو میچز نہیں کھیل سکے تھے۔ اس کے بعد جوش ہیزل ووڈ کے زخمی ہونے پر اسمتھ کو متبادل کے طور پر شامل کیا گیا۔ تاہم مارش کی واپسی کے بعد اسمتھ کو پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں ملی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے حوالے سے ٹونی ڈوڈیمائیڈ نے کہا کہ ہم اسمتھ کو بنیادی طور پر ٹاپ آرڈر کے کور کے طور پر دیکھتے ہیں اور یہی ان کا کردار تھا۔مارش اور ٹریوس ہیڈ کی جوڑی نے تیسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس لیے کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں تھی۔
سری لنکا کے خلاف میچ میں مارش اور ٹریوس ہیڈ نے 8.2 اوورمیں 104 رن کی تیز شراکت قائم کی لیکن باقی بلے باز اس رفتار کو آگے نہ بڑھا سکے اور ٹیم 181 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔پورے ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کا کوئی بھی بلے باز ٹاپ 30 رن بنانے والوں میں شامل نہیں تھا۔ میٹ رینشا ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی تھے تاہم انہیں سری لنکا کے میچ میں ڈراپ کردیا گیا۔ ٹیم کے کمزور باولنگ اٹیک نے بھی اس کی کارکردگی کو متاثر کیا، کیونکہ پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ریٹائرڈ مچل اسٹارک کی کمی محسوس کی گئی۔
سابق کھلاڑی مارک وا نے اسکواڈ سے اسٹیو اسمتھ کے اخراج کو ’توہین‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی غلطیوں اور انجریز نے مہم کو شروع سے ہی متاثر کیا۔ میتھیو ہیڈن اور گلین میک گرا نے کیمرون گرین کو ترجیح دینے کے فیصلے پر بھی سوال اٹھایا۔
ڈوڈیمائیڈ نے اعتراف کیا کہ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور عمان کے خلاف فائنل میچ کے بعد پوری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

Related posts

وژن 2026 نے ملک کی 22 ریاستوں میں ایک ساتھ رمضان پروجیکٹ کا آغاز کیا

Hamari Duniya News

بھارت میں اے آئی موبائل  ڈیٹا کی طرح سستی ہوگی۔ مکیش امبانی

Hamari Duniya News

آبشار نژادِ نو کا ایک تخلیقی، ادبی اور ثقافتی مظہر ہے: پروفیسر شہپر رسول

Hamari Duniya News