0.9 C
New York
فروری 10, 2026
Delhi دہلیRegional News علاقائی خبریں

دارالعلوم رحمانیہ سنگم وہار دہلی میں یک روزہ عظیم الشان جلسہ دستار بندی منعقد

دارالعلوم رحمانیہ
نئی دہلی،10 فروری۔ دارالعلوم رحمانیہ، سنگم وہار، نئی دہلی کے زیر اہتمام یک روزہ عظیم الشان جلسہ دستار بندی نہایت وقار اور دینی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس روح پرور اجلاس کی صدارت ملک کی معروف دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے شیخ الحدیث اور مدرسہ ہذا کے سرپرستِ اعلیٰ حضرت مولانا محمد خالد ندوی غازی پوری صاحب نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ارشد ندوی صاحب نے حسن و خوبی کے ساتھ انجام دیے۔ اجلاس کا آغاز مدرسہ کے استاد قاری عبدالسلام صاحب کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعد ازاں بارگاہِ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت مدرسہ کے طالب علم حافظ شوکت سلمہ نے پیش کیا۔
اس موقع پر مولانا مفتی محمود احمد قاسمی بستوی نے پُر مغز خطاب کرتے ہوئے قرآنِ مجید کی فضیلت بیان کی، حفاظِ کرام کو مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی دینی و عصری تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں۔ نیز حفاظ کے والدین کو بھی اللہ تعالیٰ کی جانب سے یومِ قیامت میں عطا کیے جانے والے عظیم انعامات کا ذکر کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ بعد ازاں بڑی مسجد لکشمی نگر کے امام و خطیب مولانا عبد الحنان قاسمی نے اصلاحِ معاشرہ پر زور دیتے ہوئے جہیز جیسی مہلک سماجی برائی کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اسی لعنت کے سبب بے شمار بچیاں نکاح سے محروم اور غلط راہوں پر جانے پر مجبور ہو رہی ہیں، اگر بروقت اصلاح نہ کی گئی تو معاشرہ مزید اندھیروں میں ڈوبتا چلا جائے گا۔
دارالعلوم رحمانیہ
اجلاس میں بطورِ مہمانِ خصوصی ممبر آف پارلیمنٹ مولانا محب اللہ ندوی نے حالاتِ حاضرہ کے تناظر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت کو ایسے باکردار افراد کی ضرورت ہے جو ہر میدان میں رہنمائی کر سکیں۔ انہوں نے برادرانِ وطن کے ساتھ حسنِ سلوک اختیار کرنے، اور اپنے اعلیٰ اسلامی کردار کے ذریعے اسلام کی صحیح تصویر پیش کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر ندوۃ العلماء کے شعبہ تعمیر و ترقی کے ناظر مولانا فخرالحسن ندوی نے مدارسِ اسلامیہ کے تحفظ و بقا پر نہایت مؤثر انداز میں روشنی ڈالی۔ دورانِ اجلاس مدرسہ کے سابق طالب علم قاری محمد سعد قاسمی نے اپنی مسحور کن آواز سے سامعین کے قلوب کو گرما دیا۔ بعد ازاں نو حفاظِ کرام اور چار حفاظ جنہوں نے ایک نشست میں قرآنِ پاک سنایا تھا، ان سب کی باقاعدہ دستار بندی کی گئی اور انہیں مختلف انعامات سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی مدرسہ کے مہتمم مولانا محمد معراج خان ندوی صاحب اور تمام اساتذہ کرام کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی دستار بندی عمل میں آئی۔ دستار بندی کے بعد مہتمم مدرسہ نے سالانہ جامع رپورٹ اور خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام مہمانانِ عظام کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی تعاون کی امید ظاہر کی۔ آخر میں صدرِ اجلاس حضرت مولانا محمد خالد ندوی صاحب نے اپنے خطبہ صدارت میں طلبہ کو قیمتی نصائح سے نوازا، بے پردگی کے خاتمے اور اصلاحِ معاشرہ کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ حضرت صدر محترم کی پُر اثر دعا پر اختتام پذیر ہوا۔ کامیاب پروگرام کے لیے دارالعلوم رحمانیہ سنگم وہار منتظمہ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے خاص طور سے مولانا معراج احمد خاں (مہتمم) اور اسٹاف کو مبارکباد پیش کی۔ 

Related posts

تسمیہ جونیئر ہائی اسکول کا 34 واں سالانہ جلسہ نہایت ہی شان وشوکت کے ساتھ منعقد 

Hamari Duniya News

دینی وعصری تعلیم کا مثالی سنگم طیبہ کالج، اندور میں 2026 کے داخلے کا اعلان

Hamari Duniya News

جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ’ ضیاء السلام کی کتاب ’ توانائی بخشنے والی قرآنی نصیحتیں‘ کا رسم اجراء 

Hamari Duniya News