0.9 C
New York
فروری 10, 2026
Delhi دہلیRegional News علاقائی خبریں

امیر جماعت اسلامی ہند نے شاہین باغ یونٹ میں ریڈنگ روم کا افتتاح کیا

سید سعادت اللہ

نئی دہلی، 08 فروری۔  جماعت اسلامی ہند کے شاہین باغ یونٹ میں آج علم و فکر کی ایک نئی شمع روشن ہوئی، جب امیر جماعت اسلامی ہند، جناب سید سعادت اللہ حسینی نے ایک ریڈنگ روم کا افتتاح فرمایا۔ اس موقع پر انہوں نے علم کی عظمت، مطالعے کی روح اور وحی و دانش کے باہمی رشتے پر نہایت فکرانگیز اور بصیرت افروز خطاب کیا۔

امیر جماعت نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی پہلی وحی کا آغاز ہی علم سے کیا اور علم کے اظہار کا ذریعہ قلم کو قرار دیا۔ یہ محض ایک اتفاق نہیں بلکہ اس حقیقت کی جانب واضح اشارہ ہے کہ ایک نئی تہذیب اور ایک نئے سماج کی بنیاد علم پر رکھی جانے والی تھی۔ اسی وحی میں یہ حکمت بھی پوشیدہ ہے کہ صرف پڑھنے کا حکم نہیں دیا گیا، بلکہ ارشاد ہوا’  اپنے رب کے نام سے پڑھو۔ گویا علم کو رب سے وابستہ کیے بغیر وہ اپنی حقیقی معنویت کھو دیتا ہے۔ اس آیت میں علم اور اللہ کے نام کے درمیان ایک گہرا، مضبوط اور ناگزیر رشتہ واضح کیا گیا ہے۔ یہی وہ تعلق ہے جو نئی تہذیب کی تعمیر کا اصل سرچشمہ ہے، جہاں علم اور دین باہم مل کر انسانی سماج کو سنوارتے ہیں۔‘‘ انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ آج کا سب سے بڑا فکری بحران یہی ہے کہ علم اور رب کے نام کے درمیان یہ مقدس رشتہ منقطع ہو چکا ہے، حالانکہ انسانیت کو اس وقت بھی علم کی ضرورت ہے اور اس علم میں اللہ کے نام کی روشنی کی بھی۔ یہی رشتہ بحال ہو جائے تو دنیا کی قیادت بھی نصیب ہو سکتی ہے اور آخرت کی کامیابی بھی، اور اسی نورانی علم کے ذریعے دنیا میں امن، رواداری اور آشتی کی فضا قائم کی جا سکتی ہے۔‘‘

سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ علم اسی وقت طاقت بنتا ہے جب وہ اللہ کے نام سے جڑا ہو، اور یہ ریڈنگ روم اسی تعلق کی عملی علامت ہے۔ یہاں میڈیکل، انجینئرنگ، یوپی ایس سی جیسے عصری میدانوں کے ساتھ ساتھ قرآن اور اسلامی لٹریچر کے مطالعے کے لیے بھی ایک خوشگوار اور سنجیدہ علمی ماحول میسر ہوگا۔ انہوں نے اہلِ فکر سے اپیل کی کہ اس طرز کے ریڈنگ رومز کا جال بچھایا جائے، جہاں لوگ آئیں، قرآن و حدیث کی روشنی میں اپنے علم کو پرکھیں، سوال کریں، غور و فکر کریں، اور وحی کی روشنی سے اپنے ذہن کو منور کریں۔‘‘ انہوں نے مزید فرمایا کہ علم محض معلومات کے انبار کا نام نہیں، بلکہ علم کا اصل ثمر ایک علمی مزاج کی تشکیل ہے، ایسا مزاج جو تحقیق، صداقت اور دلیل پر قائم ہو۔ بغیر تحقیق کے کسی بات کو قبول نہ کرنا اور ہر دعوے کو علمی بنیاد پر پرکھنا ہی دراصل قرآنی طرزِ فکر ہے۔ اسی طرح علم کا تعلق عمل سے بھی ہونا چاہیے؛ قرآن، حدیث یا اسلامی لٹریچر کا مطالعہ محض ذہنی مشغلہ نہ ہو بلکہ عملی زندگی میں اس کے اثرات نمایاں ہوں۔ مزید یہ کہ علم کو ہمارے مقصدِ حیات سے وابستہ ہونا چاہیے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس امت کو ایک واضح مقصد اور ذمہ داری کے ساتھ دنیا میں بھیجا ہے، اور علم اسی وقت بارآور ہو سکتا ہے جب وہ اسی نصب العین کے تابع ہو۔‘‘

امیر جماعت نے اپنے خطاب میں اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا کہ کوئی بھی قوم اسی وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہے جب اس کے پاس ایک واضح نصب العین اور اجتماعی مقصد ہو۔ یہی مقصد قوم کو متحرک، باہم مربوط اور فعال بناتا ہے۔ جو قومیں اپنے مقصد کو سامنے رکھ کر سفر کرتی ہیں، وہی آگے بڑھتی ہیں۔ امتِ مسلمہ محض کسی ایک خطے یا جغرافیے تک محدود قوم نہیں، بلکہ قرآن نے اسے دعوتِ دین، اقامتِ دین اور غلبۂ اسلام کا عالمگیر نصب العین عطا کیا ہے۔ جب تک یہ مقصد ہماری آرزو، ہماری فکر اور ہمارے شعور پر حاوی نہیں ہو جاتا، کسی بھی میدان میں حقیقی ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تعلیمی اور علمی کاوشوں کا مرکز یہی مقصد ہونا چاہیے، اور نوجوان نسل میں ایسا ہی فکری اور عملی مزاج پیدا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ یہ ریڈنگ روم اسی سمت میں ایک بامعنی اور مؤثر قدم ہے، جو اس نصب العین کے حصول میں مضبوط معاون ثابت ہوگا۔ یہ ادارہ یہاں کے بزرگوں، نوجوانوں اور اہلِ علاقہ کی ذہنی، فکری اور عملی تربیت میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔‘‘پروگرام کا آغاز مولانا حمید الدین فلاحی کی تلاوت قرآن سے ہوا،، پھر  نور الاسلام فلاحی نے ترانہ پیش کیا۔ اس کے بعد امیر مقامی جناب عبد الرب کریمی نے استقبالہ پیش کیا۔ اس پروگرام کے کنوینر جناب نیر صاحب تھے۔ پروگرام کا اختتام مولانا انعام اللہ فلاحی کی دعا پر ہوا۔

Related posts

دی اسکالر اسکول میں سالانہ تعلیمی مظاہرہ منعقد، مہمانِ خصوصی ڈاکٹر خواجہ ایم شاہد نے طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کی ستائش کی

Hamari Duniya News

Supreme Court :سپریم کورٹ نے چھتیس گڑھ میں درختوں کی کٹائی پر پابندی لگائی، ریاستی حکومت کو نوٹس جاری

Hamari Duniya News

ادارہ ادبِ اسلامی میرا روڈ کی جانب سے شاندار مشاعرہ کا میابی سے ہمکنار

Hamari Duniya News