فریدی سماج کے ہونہار طباخوں کی دستاربندی، علماءِ کرام کی شرکت سے تقریب روحانی بن گئی
کیرانہ، 6فروری (عظمت اللہ خان خان)
شاہی پکوانوں اور لذیذ ذائقوں میں مہارت رکھنے والے فریدی سماج کے طباخوں کی حوصلہ افزائی کے لیے محلہ سہدریان میں واقع فریدی ہاؤس میں ایک پُروقار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں فریدی سماج کے ذمہ داران اور علماءِ کرام نے دستاربندی کے ذریعے طباخوں کی خدمات کو سراہا۔
اطلاع کے مطابق اس تقریب کا اہتمام مہتاب فریدی، نوشاد فریدی اور شاہزیب فریدی کی جانب سے کیا گیا تھا، جس میں علم و فضل کی معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دارالعلوم دیوبند کے استاذِ حدیث مولانا سلمان بجنوری، مولانا برکت اللہ امینی، مولانا عمران، مولانا تحسین، مولانا محمد سفیان مفتاحی ،قاری ساجد، ماسٹر سمیع اللہ خان قاسمی، ڈاکٹر عظمت اللہ خان اور مولانا منور کی شرکت سے محفل میں روحانی فضا قائم رہی۔
تقریب کے دوران مولانا برکت اللہ امینی نے عمدہ کھانوں اور پکوانوں کے تعلق سے احادیثِ نبوی ﷺ کی روشنی میں جامع بیان فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں کھانا محض ذائقے کا نام نہیں بلکہ نیت، حلال رزق، اعتدال اور شکرگزاری سے جڑا ہوا عمل ہے۔ آپ نے طباخوں کو تلقین کی کہ وہ پاکیزہ اور صحت بخش کھانے تیار کریں کیونکہ ان کے ہاتھوں سے بننے والا رزق لوگوں کی صحت اور روحانیت پر اثر ڈالتا ہے۔
اسی موقع پر مولانا برکت اللہ امینی کے دستِ مبارک سے حاجی الیاس فریدی، محمد توصیف فریدی، حاجی بابو فریدی اور محمد ساجد فریدی کی دستاربندی عمل میں آئی، جبکہ محمد ہارون فریدی، عاشق الٰہی فریدی سمیت فریدی سماج کے متعدد ہونہار طباخ بھی تقریب میں موجود رہے۔
بعد ازاں عشائیہ کے موقع پر مہمانوں کی لذیذ اور متنوع پکوانوں سے ضیافت کی گئی۔ تقریب کا اختتام مولانا برکت اللہ امینی کی پُرخلوص دعا پر ہوا، جس میں سماج کی ترقی، اتحاد اور رزق میں برکت کی دعائیں کی گئیں۔ واضح رہے کہ مولانا سلمان بجنوری تقریب کے آغاز میں تشریف لائے تھے تاہم سفر کی مجبوری کے باعث روانہ ہوگئے اور فریدی برادران کو دعاؤں سے نوازا۔
