مظفر نگر، 03 فروری(قاضی طارق جلال آباد )۔
تسمیہ جونیئر ہائی اسکول، مظفرنگر میں ادارے کا 34واں سالانہ جلسہ نہایت ہی شان و شوکت اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز مہمانِ خصوصی پروفیسر اختر الواسع کے ہاتھوں آرٹ اینڈ کرافٹ اور سائنس نمائش کے افتتاح سے ہوا، جس میں طلبہ کی تخلیقی اور سائنسی صلاحیتیں نمایاں نظر آئیں۔
پروگرام کی نظامت کے دوران محترمہ ریشما تبسم، سینئر ٹیچر، نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈاکٹر ایس۔ فاروق مہمانِ خصوصی پروفیسر اختر الواسع (پدم شری ایوارڈی، سابق وائس چانسلر، مولانا آزاد یونیورسٹی، جودھپور، راجستھان) کو گل دستہ، شال اور یادگاری مومنٹو پیش کر کے اعزاز سے نوازاگیا۔

بعد ازاں تلاوتِ کلامِ پاک مع ترجمہ اور نعتِ پاک پیش کی گئی۔ نعت کے بعد اسکول کے سالانہ مجلہ “نور” کی رسمِ اجرا انجام پائی۔ اس کے بعد اسکول کی سالانہ رپورٹ جناب جاوید مظہر (قائم مقام پرنسپل) نے پیش کی، جس میں تعلیمی ترقی اور اخلاقی تربیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد طلبہ و طالبات کے ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے، جن کی کامیاب نظامت محترمہ خوش نصیب، سینئر ٹیچر، نے بخوبی انجام دی۔
تقسیمِ انعامات میں ٹاپر طلبہ کو ₹1000 کے چیک، مومنٹو اور اسناد دی گئیں، جبکہ مکمل حاضری رکھنے والے طلبہ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ پورے سال باقاعدہ حاضری پر جناب جاوید مظہر اور جناب چاند میاں کو ₹1000 اور یادگاری مومنٹو پیش کیے گئے۔ اس موقع پر اسکول کا نام روشن کرنے والے طلبہ اور سابق طلبہ کو خصوصی اعزاز دیا گیا۔ جماعت پنجم کے طالب علم سیف اللہ کو قومی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کرنے پر، سابق طالب علم سیف اللہ کو ریاستی سطح پر شوٹنگ میں انتخاب پر، محمد سہیل کو نیٹ یو جی میں کامیابی پر اور مرزا عظمت بیگ کو نئی مشین ایجاد کرنے پر اعزاز دیا گیا۔

اسی موقع پر جناب سید اعجاز احمد، منیجر، کو اسکول کو صاف و سرسبز اسکول کے زمرے میں تھری اسٹار ریٹنگ حاصل ہونے پر اعزاز سے نوازا گیا۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر اختر الواسع نے اپنے خطاب میں سادہ الفاظ میں کہا کہ تعلیم انسان کو بہتر انسان بناتی ہے، اور علم کے ساتھ اخلاق، سچائی اور خدمتِ خلق کو اپنانا بہت ضروری ہے۔
صدارتی خطاب میں ڈاکٹر ایس۔ فاروق نے کہا کہ آج کے دور میں مصنوعی ذہانت اور جدید تعلیم ضروری ہیں، مگر ان کے ساتھ اچھے اخلاق، نظم و ضبط اور انسانیت کا دامن تھامنا بھی لازمی ہے۔ آخر میں جاوید مظہر نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔ پروگرام کا اختتام قومی ترانے پر ہوا، جس کے بعد طلبہ کی جانب سے منعقدہ فیٹ کا افتتاح کیا گیا۔

اس کامیاب پروگرام کے انعقاد میں جناب سید اعجاز احمد کی انتھک محنت اور تمام اساتذہ کا قابلِ قدر تعاون رہا۔ پروگرام میں مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، سابق طلبہ، معزز شخصیات، والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد شریک رہی۔
