Free Unani Medical Camp:
جے پور،26 اگست(ایچ ڈی نیوز)۔
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس راجستھان اسٹیٹ اور ریکس ریمیڈیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے راجستھان یونانی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل جے پور میں یونانی اُپچار جنتا کے دُوار، مشن 2025 کے تحت 91 واں مفت یونانی میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ کا افتتاح سی سی آریو ایم کے سابق ڈپٹی ڈائرکٹر اور آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کارخیر کے جذبہ سے جو کام مخلصانہ انجام دیا جاتا ہے اس میں رب کریم کی نصرت ہوتی ہے اور عوام الناس کی خدمت سے دین اور دنیا میں اس کا صلہ ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر یقینا باعث صد شرف ہے کہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس سے وابستہ یونانی ڈاکٹرز اور حکماء بے لوث رضائے الٰہی کے جذبہ سے اپنی خدمات بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں اور ہمارا یہی پیغام بھی عام ہے کہ ہمارے لوگ سرکاری سطح پر یا پھر ذاتی مطب، جہاں بھی ہوں اپنے فرض منصبی کو ذمہ داری سے نبھائیں نیز حکیم بقراط نے اخلاقیات کا جو درس دیا ہے اس پر عمل کریں۔
Free Unani Medical Camp:
اس موقع پر ڈاکٹر محمود احسن صدیقی (ڈپٹی ڈائرکٹر یونانی، حکومت راجستھان) نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اور ریکس ریمیڈیز پرائیویٹ لمیٹڈ کو مذکورہ مفت میڈیکل کیمپ لگانے کے لیے مبارک بادی نیز اس موقع پر اعزازی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھی ستائش کرتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے کیمپ سے طب یونانی کے تئیں عوام میں بیداری آتی ہے لہٰذا یہ سلسلہ چلتے رہنا چاہیے۔ راجستھان یونانی میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد اعظم انصاری، ڈاکٹر بدرالاسلام کیرانوی، پروفیسر شاہد علی خاں، پروفیسر محمد صفوان، نوجوان لیڈر علیم انصاری وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔
Free Unani Medical Camp:
کیمپ میں مفت دوائوں کی تقسیم کے علاوہ خون کی جانچ، ایکسرے، ای سی جی وغیرہ کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ کیمپ میں اعزازی خدمات پیش کرنے والوں میں ڈاکٹر پرویز اختر وارثی، ڈاکٹر عبدالوصی چودھری، ڈاکٹر ذاکر خاں میواتی، ڈاکٹر رضا علی خاں، حافظ عمران خاں، اسرار احمد اُجینی، حکیم آفتاب عالم، محمد عمران قنوجی، پروفیسر ضیاء الاسلام، پروفیسر صابر حسین، ڈاکٹر شارق علی، ڈاکٹر نازیا، اعزاز رسول، ڈاکٹر صائمہ خاں، ڈاکٹر ناز میاں زیدی، ڈاکٹر ملک فیاض، ڈاکٹر ابوعبید، ڈاکٹر رئوف احمد، ڈاکٹر ہارون، ڈاکٹر نجم الدین، ڈاکٹر زبیر احمد، ڈاکٹر وسیع الرحمن، عفت خاں اور محمد شعیب وغیرہ شامل ہیں۔ پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر سیّد عبدالمجیب نے تمام مہمانوں خاص طور سے کیمپ کو کامیاب بنانے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
