نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
15اکتوبر 2022 کی شب بحث وتحقیق کے نیر تاباں، ہندوستان کے مایہ ناز سپوت، عالم اسلام کے عظیم محقق شیخ محمد عزیر شمس (1957-2022) کی اچانک موت پر علما ءکرام، علم دوست حضرات اور مدارس وجامعات کے طلباءاور علمی اداروں کے محققین سخت رنج وغم میں مبتلا ہوئے ہیں، اس مناسبت سے ان کے رفقاءو محبین کی ایک مجلس دارالثقافہ، شاہین باغ نئی دہلی کے آفس میں بتاریخ 18اکتوبر2022 زیر صدارت صلاح الدین مقبول احمد مدنی حفظہ اللہ منعقد ہوئی، جس میں کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔اورشیخ محترم سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار اور ان کی علمی وتحقیقی کاوشوں اور صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
مجلس میں شیخ رفیق احمد سلفی (سابق ایڈیٹر التوعیہ)، شیخ ابوالقاسم فاروقی (سابق مدیر محدث بنارس)، شیخ رضاءاللہ عبدالکریم مدنی (سابق مدیر ترجمان، دہلی)، شیخ مطیع الرحمن مدنی (صدر امام بخاری یونیورسٹی ،کشن گنج)، شیخ جمیل احمد مدنی(مفتی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند)، شیخ عزیز احمد مدنی (استاذ المعہد العالی، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند)، ڈاکٹر جنید حارث (ایسوسی ایٹ پروفیسر جامعہ ملیہ اسلامیہ ،نئی دہلی)، سہیل انجم (سینئر صحافی، و نمائندہ وائس آف امریکہ)، ڈاکٹر ظل الرحمن مدنی (ڈائریکٹر رحیق گلوبل اسکول، نئی دہلی)، محمد رفیق سلفی (ڈائرکٹر زہرہ پبلک اسکول، نئی دہلی)، محمد شاہنواز ندوی (مدیر پیام توحید)، عزیز الدین سنابلی (سابق پرمکھ، بلرامپور)، فیاض اللہ سلفی، عبداللہ صلاح الدین سنابلی، عبدالقدیر سلفی، شیخ سمیر سنابلی، طارق جمال ریاضی اور ثبوت علی وغیرہ نے شرکت کی۔
میٹنگ میں یہ طے پایا کہ شیخ محترم کے شایان شان ایک خصوصی نمبر شائع کیا جائے اور ان کی حیات وخدمات پر ایک علمی سیمینار کا انعقاد کیا جائے۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور تمام متعلقین و لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق بخشے۔ آمین