نئی دہلی:حج 2024 کی ادائیگی کے لیے بھارت سے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 285 عازمین حج نے لبیک الھم لبیک کے فلک شگاف نعروں اور نم آنکھوں سے مدینہ کے لیے روانگی کی۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے تمام عازمین حج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند نے حج کے اخراجات میں کم و بیش پچاس ہزار روپے کی تخصیص کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حج کا مقررہ سفر گزشتہ کل 9مئ 2024 کو دوپہر 2:20 بجے سے شروع ہو گیا ہے۔ عازمین حج کی پہلی پرواز دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ہوئی ہے۔ دہلی پردیش حج کمیٹی سے موصولہ اطلاع کے مطابق دہلی سے روانہ ہونے والے حاجیوں کے پہلے قافلے میں 285 عازمین حج ہیں۔ 25 مئی 2024 تک دہلی سے عازمین حج کے لیے کل 47 پروازیں روانہ ہوں گی۔ عازمین حج کے پہلے قافلے کو لے کر سعودی ایئر لائنز کی پہلی پرواز دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی ہے۔
