جھنجھانہ:14مئ( مستقیم سیفی/ایچ ڈی نیوز) طالبات کے “مدرسہ جامعۃ الصالحات للبنات “میں حدیث کی مستند کتاب بخاری شریف کے ابتدائی سبق کا آغاز مولانا جمیل احمد (سابق ایم ایل اے) میراپور نے کراتے ہوئےبخاری شریف کی پہلی حدیث “الاعمال بالنیات” اعمال کا دارومدار نیت پر ہے، سے کیا۔انہوں نے تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحیح البخاری کے نام سے مشہور یہ اہل سنت و جماعت کی سب سے مشہور حدیث کی کتاب ہے، اس کو امام محمد بن اسماعیل بخاری نے سولہ سال کی مدت میں بڑی جانفشانی اور محنت کے ساتھ تدوین کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس کتاب کو امام بخاری رحمۃ نے چھ لاکھ احادیث سے منتخب کر کے جمع کیا ہے۔اہل سنت کے یہاں اس کتاب کو ایک خاص مرتبہ و حیثیت حاصل ہے اور ان کی حدیث میں چھ امہات الکتب (صحاح ستہ) میں اول مقام حاصل ہے، خالص صحیح احادیث میں لکھی جانی والی پہلی کتاب شمار ہوتی ہے، مولانا نے کہا کہ اسی طرح اہل سنت میں قرآن مجید کے بعد سب سے صحیح کتاب بخاری شریف مانی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بخاری شریف جو اپنے فن حدیث میں تمام ابواب عقائد، احکام، تفسیر، تاریخ، زہد اور آداب وغیرہ پر مشتمل اور جامع ہے۔ادارہ کے مہتمم مولانا طیب قاسمی نے بتایا کہ یہ بخاری شریف کاآٹھواں اجلاس ہے۔انہوں نے بتایا کہ قصبہ اور علاقے کی تقریباً چار سو بچیاں طالبات مدرسہ میں زیر تعلیم ہیں۔ تقریب میں آئے پولیس اسٹیشن انچارج انسپکٹر دھرمیندر سنگھ نے بھی طالبات کو سائبر کرائم کے بارے میں تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ گیس سلنڈر، کورونا ویکسین یا بینک اکاؤنٹ سے متعلق اور دیگر دستاویزات کے بارے میں تصدیق کرتے وقت او ٹی پی کو نہیں بتایا جانا چاہیے۔ انہوں نے لڑکیوں کو خواتین کی حفاظت کے لیے ہیلپ لائن نمبرز بھی نوٹ کرایا۔ اس موقع پر حافظ ایوب، قاری شمیم، حافظ یعقوب، مفتی بشیر، قاری اسرائیل، مولانا واثق، مولانا خالد، مولانا محمد احمد، مفتی انور، قاری ارشاد، مولانا حامد، حاجی انصار، حاجی شبیر، حاجی فیروز خان، گلزار خان،ماسٹر احسان شاہ اور شہر کے دیگر معززین نے شرکت کی۔
