دوحہ: سعودی عرب کی ارجنٹائن کے خلاف ملی شاندار جیت پر پورے سعودی عرب میں جشن کا ماحول ہے اور حکومت نے شہریوں کے جشن منانے کے لئے ایک دن کی قومی تعطیل کا اعلان بھی کردیا ہے۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے خلاف اپنی قومی فٹ بال ٹیم کی فتح کا جشن منایاہے۔ایک تصویر میں شہزادہ محمد ٹیلی ویژن سے منھ موڑتے ہوئے سجدہ شکربجالارہے ہیں اور ٹیم کی جیت کی خوشی میں سجدہ شکر ادا کررہے ہیں۔ان کے بھائی شہزادہ سعود نے انسٹاگرام پرمیچ کے اختتام کے بعد کی بعض تصاویر شیئرکی ہیں۔ان میں سعودی ولی عہد اپنی ٹیم کی شاندار جیت پر بے حد مسرورنظرآرہے ہیں۔ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی ولی عہد میچ کے اختتام پر اپنے بھائی کو گلے سے لگا رہے ہیں۔انھوں نے اپنے خاندان کے دوسرے افراد کے ساتھ یہ تاریخی میچ دیکھا ہے۔
ولی عہد اورشہزادہ سعود کے ساتھ ان کے بڑے بھائی شہزادہ عبدالعزیز بھی موجود تھے جو مملکت کے وزیرتوانائی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔سعودی عرب نے ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں ارجنٹائن کو 2-1 سے شکست دے کر کھیلوں کی دنیا کو حیران کردیا ہے۔ارجنٹائن کی ٹیم فٹ بال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں 18 ویں مرتبہ نمودارہوئی ہے جبکہ سعودی عرب کے گرین فالکنز نے صرف چھٹی مرتبہ عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ارجنٹائن کی ٹیم کودوحہ کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا فیورٹ قراردیا جارہا تھا لیکن آف سائڈ اصول کی وجہ سے وہ پہلے ہاف میں تین گولوں سے محروم رہی ہے۔
سعودی کھلاڑیوں نے اس میچ میں بالخصوص دوسرے ہاف میں شاندارکھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔انھوں نے یکے بعد دیگر دو گول کرکے ارجنٹائن کے خلاف اپنی برتری قائم کرلی اور یہ میچ کے اختتام تک برقراررہی ہے۔اس حیران کن شکست نے ارجنٹائن کی ورلڈ کپ میں 36 میچوں کی فتوحات کے تسلسل کو بھی توڑدیا ہے۔ یہ اس کے اسٹاراسٹرائیکر لیونل میسی کا آخری عالمی کپ ٹورنا منٹ ہوسکتا ہے۔