27.1 C
Delhi
October 13, 2024
Hamari Duniya
Breaking News دہلی

ایم سی ڈی الیکشن کا اعلان :ایک مرحلے میں ہوگی 250 سیٹوں پر ووٹنگ

MCD-Election-Announce

نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی میں تین میونسپل کارپوریشنوں کی حد بندی اور انضمام کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد جمعہ کو انتخابی شیڈول کا اعلان کیا گیا۔ دہلی میں 250 میونسپل وارڈوں کے لیے پولنگ 4 دسمبر (اتوار) کو ہوگی اور نتائج 7 دسمبر (بدھ) کو سامنے آئیں گے۔دہلی کے ریاستی الیکشن کمشنر وجے دیو نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین میونسپل کارپوریشنوں کو متحد کرنے کا عمل مکمل کرنے کے بعد ہم نے حد بندی اور الیکشن مینجمنٹ کا کام بہت کم وقت میں مکمل کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حد بندی کے بعد اب دہلی میں 250 وارڈ ہوں گے۔ ان میں سے 42 درج فہرست ذاتوں کے لیے ریزرو ہوں گے۔ تمام نشستوں میں سے نصف خواتین کے لیے مختص ہوں گی۔ اس کا مطلب ہے کہ 104 جنرل اور 21 درج فہرست ذات کی نشستیں خواتین کے لیے ریزرو ہوں گی۔
وجے دیو نے بتایا کہ دہلی میں نامزدگی کا عمل 09 نومبر سے شروع ہوگا اور 14 نومبر تک 68 مقامات پر صبح 10:00 بجے سے دوپہر 3:00 بجے تک نامزدگی کی جاسکتی ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 نومبر کو ہوگی۔ امیدوار 19 نومبر تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ ووٹنگ اتوار 4 دسمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 7 دسمبر کو ہوگی۔
حد بندی کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے وجے دیو نے کہا کہ دہلی میں 70 اسمبلی سیٹیں ہیں۔ ان میں سے 68 سیٹیں دہلی میونسپل کارپوریشن کے تحت آتی ہیں سوائے دہلی کینٹ اور نئی دہلی کے۔ نشستوں اور مخصوص نشستوں کا فیصلہ 2011 کی آبادی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس بار انتخابات کے لیے 13 ہزار 665 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ تقریباً 55,000 ای وی ایم مشینیں استعمال کی جائیں گی۔ بلدیاتی انتخابات میں تقریباً ایک لاکھ ملازمین کی تقرری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آج سے ہی دہلی میں ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔ رات 10:00 بجے سے صبح 6:00 بجے تک لاو¿ڈ اسپیکر کے ذریعے تشہیر پر پابندی ہوگی۔ امیدوار انتخابی مہم میں صرف 8 لاکھ خرچ کر سکیں گے۔ پچھلی بار یہ حد 5.75 لاکھ تھی۔
کمشنر نے بتایا کہ اس بار دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں آئی ٹی کے بہت سے اقدامات کئے گئے ہیں۔ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے ایک خصوصی ایپ تیار کی گئی ہے۔ جس میں ووٹرز اپنا نام ، پولنگ کی جگہ ، متعلقہ امیدوار کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ اس میں شکایات بھی درج کرائی جا سکتی ہیں۔ ساتھ ہی، امیدواروں کو اجازت دینے کے لیے ایک خصوصی پورٹل تیار کیا گیا ہے۔

Related posts

جے پور بم دھماکہ کیس میں پھانسی کی سزا پانے والے تمام مسلم نوجوان بے قصور،باعزت بری

Hamari Duniya

ماروتی سوزوکی کو دوسری سہ ماہی میں بمپر منافع

Hamari Duniya

راہل گاندھی چنڈی گڑھ میں دو دن سے دھو رہے ہیں برتن

Hamari Duniya