نئی دہلی، 12 دسمبر (ایچ ڈی نیوز)۔
اروناچل پردیش میں ایک بار پھر ایل اے سی پر ہندوستانی اور چینی فوجی آمنے سامنے آ گئے ہیں ۔جہاں تین سو سے زائد چینی فوجیوں کی ہندوستانی فوجیوں سے شدید جھڑپیں ہوئیں۔جس میں تیس چینی فوجی زخمی ہوئے ہیں وہیں ہندوستانی فوجیوں کے بھی معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔واضح رہے کہ یہ جھڑپ اروناچل کے توانگ سیکٹر میں ہوئی ہے۔ دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان ہونے والی اس جھڑپ میں ہندوستانی فوجیوں نے ایل اے سی کے قریب آنے والے تقریباً 300 چینی فوجیوں کو کھدیڑ دیا ہے۔
اس جھڑپ میں کم از کم 30 چینی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ کچھ زخمی ہندوستانی فوجیوں کی گوہاٹی لائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اس واقعے کے بعد، بھارتی فوج کے علاقائی کمانڈر نے اس مسئلے پر بات کرنے کے لیے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ فلیگ میٹنگ کی۔
ایک بیان میں، فوج نے کہا کہ اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کے ساتھ کچھ علاقوں میں، ہندوستانی اور چینی فریق 2006 سے اپنے اپنے دعووں کی حد تک علاقے میں گشت کر تے ہیں۔ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے دستے 09 دسمبر کو توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کے قریب آ گئے، جس کا بھارتی فوجیوں نے بھرپور جواب دیا۔ اس آمنے سامنے جھڑپ میں دونوں طرف کے فوجیوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ تاہم دونوں فریق فوری طور پر علاقے سے پیچھے ہٹ گئے۔